نیشنل ٹیکنالوجی پارک پاکستان میں آئی ٹی کے فروغ کا سنگِ میل ثابت ہوگا: وزیراعظم

نیشنل ٹیکنالوجی پارک پاکستان میں آئی ٹی کے فروغ کا سنگِ میل ثابت ہوگا: وزیراعظم

اسلام آباد میں نیشنل ٹیکنالوجی پارک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ یہ منصوبہ جدید خطوط پر تعمیر کیا گیا ہے، جہاں انکیوبیشن سینٹرز، اختراعی سرگرمیوں، نئے کاروبار شروع کرنے والے نوجوانوں اور طلبہ و اساتذہ کے لیے مختلف مواقع دستیاب ہوں گے، جدید ٹیکنالوجی میں مہارتیں حاصل کرکے نوجوان پاکستان کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکیں گے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ نیشنل ٹیکنالوجی پارک مکمل طور پر فعال ہونے کے بعد ملک کے چاروں صوبوں میں اس نوعیت کے مزید ٹیکنالوجی پارکس قائم کرنے کی راہ ہموار ہوگی، مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے زراعت، صنعت، مینوفیکچرنگ، معدنیات اور حکومتی شعبوں سمیت مختلف میدانوں میں استفادہ کیا جا سکے گا۔

وزیراعظم نے بتایا کہ اس منصوبے کی بنیاد 2017 اور 2018 کے دوران رکھی گئی تھی، تاہم بعد میں اسے تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، سیاسی پوائنٹ سکورنگ کے بجائے اس وقت اہم بات منصوبے کی تکمیل اور اسے نوجوانوں کے لیے جلد قابلِ استعمال بنانا ہے۔

انہوں نے منصوبے پر کام کرنے والی ٹیم، وزارتِ خزانہ، وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور متعلقہ حکام کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی محنت سے منصوبے کو آگے بڑھانے میں مدد ملی، جبکہ انہوں نے خود بھی متعدد اجلاسوں میں منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لیا تاکہ اسے جلد مکمل کرکے نوجوانوں کو اس سے فائدہ پہنچایا جا سکے۔

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے جنوبی کوریا کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر بھی کیا، انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی مرتبہ 1985 میں جنوبی کوریا گئے تھے، جبکہ 1997 اور 1998 میں بھی وہاں کے دورے کیے۔

شہباز شریف نے جنوبی کوریا کی معاشی ترقی اور محنتی افرادی قوت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھی جدید ٹیکنالوجی کے فروغ اور نوجوانوں کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافے کے ذریعے ترقی کی نئی منزلیں حاصل کر سکتا ہے۔