ٹیسلا کی فلائنگ کار نے ’اڑان‘ بھر لی، 2028 میں پروڈکشن کا اعلان

ٹیسلا کی فلائنگ کار نے ’اڑان‘ بھر لی، 2028 میں پروڈکشن کا اعلان

نئی روڈسٹر کو اسپیس ایکس کی راکٹ ٹیکنالوجی سے متاثرہ تھرسٹرز سے لیس کیا گیا ہے۔ گاڑی میں کمپریسڈ ایئر تھرسٹرز اور تقریباً 10 نوزلز استعمال کیے گئے ہیں، جن کی مدد سے اسے ہوا میں بلند کرنے کا تصور پیش کیا گیا ہے۔

مظاہرے کے دوران گاڑی نے ریمپ پر الٹی سمت میں چلنے، ہوا میں چھلانگ لگانے اور دورانِ پرواز گردش کرنے کے بعد محفوظ طریقے سے زمین پر اترنے کا مظاہرہ کیا۔

تاہم یہ گاڑی ابھی روایتی طیارے یا ہیلی کاپٹر کی طرح مسلسل پرواز کرنے کی صلاحیت کا عملی ثبوت پیش نہیں کرسکی۔ ٹیسلا کے مطابق نئی روڈسٹر صفر سے 60 میل فی گھنٹہ کی رفتار ایک سیکنڈ سے بھی کم وقت میں حاصل کرسکتی ہے، جبکہ اس کی زیادہ سے زیادہ رفتار 230 میل فی گھنٹہ سے زائد بتائی گئی ہے۔

کمپنی نے اس گاڑی کو اپنی جدید ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ صلاحیتوں کی نمائش کے طور پر پیش کیا ہے۔ ٹیسلا کے سربراہ ایلون مسک کے مطابق گاڑی کی پیداوار 2028 میں شروع کرنے کا منصوبہ ہے۔

واضح رہے کہ نئی روڈسٹر کا تصور پہلی بار 2017 میں پیش کیا گیا تھا اور اس کی ڈیلیوری 2020 میں شروع کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم منصوبہ متعدد مرتبہ تاخیر کا شکار ہوچکا ہے۔