خلاصہ
- کیلیفورنیا: (دنیا نیوز) واٹس ایپ صارفین کے لیے ایک اور کارآمد فیچر متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے، جس کے ذریعے عام ٹیکسٹ پیغامات کو فوری ایکشنز میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ویب ایٹانفو کی رپورٹ کے مطابق واٹس ایپ نے اسمارٹ میسج ٹیکسٹ ایکشنز کے نام سے نیا فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس ڈیوائسز کے بیٹا ورژن میں متعارف کرایا ہے۔
یہ فیچر فی الحال محدود بیٹا صارفین کو دستیاب ہے اور اس کا مقصد چیٹس کے دوران مختلف کاموں کو مزید آسان بنانا ہے۔
رپورٹ کے مطابق نیا فیچر خودکار طور پر پیغامات میں موجود مخصوص معلومات کی شناخت کرے گا، جن میں فون نمبر، تاریخ، وقت، پتے اور ای میل ایڈریس شامل ہیں۔ ایسی معلومات کے نیچے نقطوں والی انڈر لائن ظاہر ہوگی، جس پر کلک کرنے سے متعلقہ فوری آپشنز سامنے آجائیں گے۔
صارفین کسی فون نمبر پر کلک کرکے اسے اپنے کانٹیکٹس میں محفوظ کر سکیں گے یا براہ راست کال کر سکیں گے۔
اسی طرح تاریخ اور وقت کی نشاندہی ہونے پر صارفین متعلقہ تفصیلات اپنے کیلنڈر میں شامل کر سکیں گے یا واٹس ایپ ایونٹ تیار کر سکیں گے۔
نئے فیچر کے ذریعے کسی پتے پر کلک کرنے سے اسے کاپی کرنے یا میپ پر کھولنے کا آپشن بھی دستیاب ہوگا، جبکہ ای میل ایڈریس پر کلک کرنے سے فون کی میل ایپ کھل جائے گی۔
ویب ایٹانفو کے مطابق یہ فیچر بھیجے اور موصول ہونے والے دونوں طرح کے پیغامات پر کام کرے گا، جس سے صارفین کو مختلف کاموں کے لیے چیٹ سے باہر جانے کی ضرورت نہیں پڑے گی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ان میں سے بعض سہولیات پہلے ہی واٹس ایپ میں دستیاب ہیں، تاہم نئے فیچر کے ذریعے انہیں ایک ہی جگہ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔
فی الحال اس فیچر کی آزمائش بیٹا ورژن میں جاری ہے اور تمام صارفین کے لیے اس کی باضابطہ دستیابی کی تاریخ سامنے نہیں آئی۔