خلاصہ
- واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مائیکروسافٹ نے ٹرمپ انتظامیہ پر زور دیا ہے کہ وہ مصنوعی ذہانت کے ڈیٹا سینٹرز میں استعمال ہونے والے چینی ساختہ اہم آلات کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کا منصوبہ روک دے۔
امریکی حکومت چینی آپٹیکل ٹرانسیورز کی درآمد پر پابندی لگانے پر غور کر رہی ہے جن کے ذریعے ڈیٹا سینٹرز میں فائبر آپٹک کیبلز کے ذریعے انتہائی تیز رفتاری سے معلومات منتقل کی جاتی ہیں۔
امریکی حکام کو خدشہ ہے کہ چین ان آلات کے ذریعے ڈیٹا چوری، نقصان دہ سافٹ ویئر کی تنصیب یا امریکی ڈیٹا سینٹرز کی سروس متاثر کر سکتا ہے۔
مائیکروسافٹ سمیت کئی امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں کا مؤقف ہے کہ پابندی سے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر متاثر ہوگی اور مصنوعی ذہانت کی عالمی دوڑ میں امریکا کی برتری کمزور پڑ سکتی ہے، مائیکروسافٹ کے امریکا میں 35 ڈیٹا سینٹرز زیر تعمیر جبکہ مزید 134 منصوبہ بندی کے مراحل میں ہیں۔
ٹیکنالوجی انڈسٹری کے مطابق امریکا میں اے آئی چپس کی خریداری تو ہوچکی ہے لیکن آپٹیکل ٹرانسیورز کے بغیر یہ چپس مؤثر طریقے سے استعمال نہیں ہوسکتیں۔
چین عالمی آپٹیکل ٹرانسیور مارکیٹ کے تقریباً دو تہائی حصے پر قابض ہے۔