اماراتی کابینہ نے سرکاری خدمات کیلئے دنیا کا پہلا اے آئی ایجنٹ ’’میرا‘‘ منظور کر لیا

اماراتی کابینہ نے سرکاری خدمات کیلئے دنیا کا پہلا اے آئی ایجنٹ ’’میرا‘‘ منظور کر لیا

شیخ محمد بن راشد المکتوم نے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتایا کہ میرا منصوبے پر کام تیز کرنے کیلئے خصوصی ایگزیکٹو ٹیمیں تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی ہے، جبکہ تمام وفاقی اداروں کو مقررہ مدت کے اندر اپنی خدمات اس نظام سے منسلک کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے شہری اپنی زبان میں حکومت سے بات کر سکیں گے اور اپنے الفاظ میں مطلوبہ سرکاری خدمات حاصل کرسکیں گے، جس سے سرکاری معاملات پر صرف ہونے والا وقت کم ہوگا اور لوگوں کو اپنے کاموں کیلئے زیادہ وقت میسر آئے گا۔

اجلاس میں ایجنٹک آرٹیفیشل انٹیلی جنس (Agentic AI) سے متعلق دنیا کی پہلی جامع حکومتی حکمت عملی کی بھی منظوری دی گئی۔ اس حکمت عملی کا مقصد سرکاری امور اور خدمات کے نظام کو مصنوعی ذہانت کے ذریعے جدید خطوط پر استوار کرنا، قومی سطح پر اس شعبے میں ماہر افرادی قوت تیار کرنا اور جدید ٹیکنالوجی کے محفوظ استعمال کیلئے اعلیٰ معیار کا بنیادی ڈھانچہ فراہم کرنا ہے۔

کابینہ نے اس سلسلے میں قومی تکنیکی نظام ’’فیڈ اے آئی‘‘ (FedAI) کی بھی منظوری دی، جو ایجنٹک مصنوعی ذہانت کے حل تیار کرنے اور چلانے کیلئے ایک متحد، محفوظ اور خودمختار حکومتی پلیٹ فارم اور انفراسٹرکچر ہوگا۔ شیخ محمد بن راشد المکتوم نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کا ہدف حکومتی خدمات کی فراہمی میں دنیا کا تیز ترین، مؤثر ترین اور مستقبل کی ٹیکنالوجیز کیلئے سب سے زیادہ تیار ملک بننا ہے۔

اجلاس میں متحدہ عرب امارات اور دنیا کے مختلف ممالک کے درمیان مشترکہ اقتصادی کمیٹیوں کیلئے نئے فریم ورک کی بھی منظوری دی گئی، جس کا مقصد تجارتی، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

کابینہ کو قومی سرمایہ کاری حکمت عملی کے نتائج سے بھی آگاہ کیا گیا، جس کے مطابق متحدہ عرب امارات 2025ء میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری کے حصول میں دنیا کے دس سرفہرست ممالک میں شامل رہا، اس دوران ملک میں 177 ارب درہم کی سرمایہ کاری آئی جبکہ مجموعی غیر ملکی سرمایہ کاری کا حجم ایک اعشاریہ 174 ٹریلین درہم تک پہنچ گیا۔