آئی فون کیلئے گردہ بیچنے والا چینی نوجوان مستقل معذور ہوگیا

Last Updated On 11 January,2019 10:13 am

بیجنگ: (روزنامہ دنیا) نت نئے آلات اور فون خریدنے کا جنون نوجوان کو عمر بھر کیلئے گردے کا مریض بنا کر معذور کر گیا۔ چین کے نوجوان نے آئی فون خریدنے کیلئے اپنا گردہ بیچا جس کے کچھ عرصے بعد وہ گردوں کی بیماری میں مبتلا ہو کر ڈائلیسسز کا محتاج ہو کر رہ گیا۔

آٹھ سال قبل چینی نوجوان ژیاؤ وینگ کی عمر 17 برس تھی جب آئی فون فور ریلیز ہوا اور اس غریب نوجوان نے اسے خریدنے کیلئے بلیک مارکیٹ میں اپنا گردہ بیچ دیا۔ انسانی اعضا کے سمگلر نے 3200 ڈالر میں اس کا گردہ خریدا تھا۔

گردہ فروش سمگلر اسے جہاں لے گیا وہاں غیر قانونی آپریشن تھیٹر میں صفائی کا انتظام نہیں تھا اور اس کے زخم میں انفیکشن ہو گیا۔ وینگ نے یہ خبر گھر والوں کو نہیں دی تاہم اس کی خراب صحت عیاں ہو گئی اور اس کے والدین نے گردے فروخت کرنے میں معاون مڈل مین کو تلاش کر کے اس پر مقدمہ کر دیا جس نے 3 لاکھ 20 ہزار ڈالر ہرجانے کے طور پر دئیے جو اب اس نوجوان کے علاج پر خرچ ہو رہے ہیں۔