لاہور: (دنیا نیوز) یوں تو دنیا بھر میں پولیس سٹیشنز کی بہت بڑی تعداد زمینوں پر ہے، تاہم دبئی سے ایک حیران کن پولیس سٹیشن سامنے آیا ہے جس کا نام ’’سمارٹ پولیس سٹیشن‘‘ ہے، یہ پانی کے اوپر ہے، جی ٹیکس ٹیکنالوجی میں دنیا کے پہلے تیرتے تھانے کی نمائش کی گئی۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’خلیج ٹائمز‘‘ کے مطابق دنیا کے پہلے سمارٹ پولیس سٹیشن کے افتتاح کے موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل شیخ سیف بن زائد النیہان نے شرکت کی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق تیرتا ہوا سمارٹ پولیس سٹیشن 2020ء کی پہلی سہ ماہی میں کھل جائے گا۔ دبئی پولیس سٹیشن کی تیاری کیلئے کلینڈنسٹ گروپ نے شراکت فراہم کی ہے۔
اس موقع پرگروپ کے عہدیدار نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ سمارٹ پولیس سٹیشن دبئی میں رہنے والوںکو بڑے پیمانے پر اپنی ای پولیس خدمات پیش کرے گا۔ سمارٹ ٹیکنالوجی کا استعمال کرکے خوشی محسوس ہو رہی ہے اور عوام کی حفاظت بھی ضروری ہے۔ یو اے ای کے باقی سمندری حصوں میں زندگی کو بچانے کے علاوہ جدید تعلیم سے آگہی بھی دی جائے گی۔
اس موقع پر دبئی پولیس کے کمانڈر انچیف میجر جنرل عبداللہ المری کہا ہے کہ اس غیر معمولی اور انوکھے منصوبے نے دنیا بھر کی پولیس اور سیکیورٹی اداروں کی توجہ ہماری جانب مبذول کردی ہے کیونکہ وہ اپنے ممالک میں اس تجربے کو نقل کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے امارات میں رہنے والوں، سیاحوں اور طلبہ پر زور دیا کہ وہ سمارٹ پولیس سٹیشن (ایس پی ایس ) کا دورہ کریں اور اس حوالے سے اپنے تاثرات دیں کہ سمندری ماحولیاتی نظام پر اس کے کیا اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
کلینڈنسٹ گروپ کے چیئرمین جوزف کلینڈنسٹ نے کہا ہے کہ دبئی پولیس کے ساتھ ہماری اس سمارٹ سٹیشن کی تیاری انجینیئرنگ کا بہترین شاہکار ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ دبئی پولیس نے پہلے تیرتے ہوئے سمارٹ پولیس سٹیشن کے ساتھ ہماری ڈیزائننگ کی صلاحیتوں کو پہچان لیا ہے۔