بنکاک: (روزنامہ دنیا) تھائی لینڈ میں دیہاتیوں نے بلی کو اژدھے سے بڑی بہادری کیساتھ بچا لیا، ایک دیہاتی نے اژدھے کو ایک لات بھی ماری۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق تھائی لینڈ میں ایک بلی پر اچانک افتاد آ پڑی جب شکار کی تلاش میں خود شکار بن گئی،ایک بڑے اژدھے نے اسے دبوچ لیا،بلی نے پہلے تو خود کو چھڑانے کی کوشش کی لیکن طاقتور جنگلی اژدھے کے سامنے اس کی ایک نہ چلی اور وہ بے بس ہو کرتڑپنے لگی۔
بلی کی یہ حالت دیکھ کرارد گردموجود دیہاتیوں کا دل پسیجا اور وہ اسے بچانے جمع ہونےلگے، ایک خاتون جو کار ڈرائیو کر رہی تھی، اس نے گاڑی روکی اور وہ بھی بلی کی مدد کو دوڑ پڑی۔ ایک شخص نے آو دیکھا نہ تاو زوردار ٹانگ ماری جو اتفاقًااژدھے کو جا لگی۔ قریب کھڑی خواتین کو اور کچھ نہ سوجھا تو انہوں نے سلاخیں لے کربجانا شروع کر دیں۔
اژدھے نے اتنے لوگ دیکھے تو شکار چھوڑ اسے اپنی زندگی کی فکر لاحق ہو نے لگی، بلی کو چھوڑا اور سڑک پار جھاڑیوں کی جانب بھاگ گیا ۔موت کے منہ سے واپس آنے والی بلی دہشت زدہ سی حالت میں پہلے تو سڑک پر بے حس و حرکت بیٹھی رہی، حواس بحال ہونے پر بھاگ کھڑی ہوئی۔
رپورٹ کے مطابق بعد ازاں ریسکیو ادارے کے اہلکاروں نے سانپ کو پکڑ کر قریبی جنگل میں چھوڑ دیا۔