اترپردیش:(ویب ڈیسک) بھارتی ریاست اترپردیش میں عام بالی ووڈ طرز کے میلو ڈرامے میں ایک آدمی کی پانچویں بار شادی کرنے کی کوشش کو اس کے 7 بچوں اور دوسری بیوی نے ناکام بنادیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس نے بتایا کہ سیتا پور کے 45 سالہ شفیع احمد کو حراست میں لے لیا گیا ہے اور اس کے بچوں کی شکایت پر مزید قانونی کارروائی کی جا رہی ہے، احمد کے بچوں نے الزام لگایا کہ ان کے باپ نے انہیں چھوڑ دیا ہے اور ان کے اخراجات ادا نہیں کررہا۔
یہ واقعہ بدھ کے روز سیتا پور ضلع کے سٹی کوتوالی پولیس اسٹیشن کی حدود میں واقع کوٹ کجیارے علاقے سے بتایا گیا ہے۔
کوتوالی پولیس سٹیشن کے انچارج انسپکٹر تیج پرکاش سنگھ نے بتایا کہ احمد ایک خاتون کے ساتھ پانچویں بار شادی کرنے کی کوشش کر رہا تھا، جس کی مبینہ طور پر تیسری شادی ہو رہی تھی، احمد کی دوسری بیوی اور اس کے بچوں سمیت چار نابالغ بچوں کو کسی نہ کسی طرح اپنے والد کی شادی کا علم ہوا اور اس میں رکاوٹ ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ احمد سے شادی کرنے والی خاتون اس کی دوسری بیوی اور بچوں کی آمد کا علم ہونے کے بعد پنڈال سے غائب ہو گئی۔