فینکس: (ویب ڈیسک) ایریزونا کی ایک ریستوران ڈیری کوئن کے باہر نصب پلاسٹک کا 15 فٹ لمبا چمچہ غیرمعمولی طور پر غائب ہوگیا ہے جس پر خود مالکان بھی حیران ہیں۔
مالکان کے مطابق یہ ایک معمہ ہے کہ چمچہ چور کے کسی کام کا نہیں اور اس نے ایسا کیوں کیا ہے؟
پوجا کلرا اور اس کے شوہر ریستوران کے مالک کا کہنا ہے کہ جمعے اور ہفتے کی رات کسی وقت یہ چمچہ چرایا گیا ہے جو لگ بھگ ساڑھے 4 میٹر طویل ہے، اس چمچے کو سیدھا رکھتے ہوئے چھت کی ریلنگ سے سہارا دیا گیا تھا۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا گیا ہے کہ دو مشکوک افراد نے پہلے اسکرو اور نٹ بولٹ کھولے اور چمچے کو ایک موٹرسائیکل پر رکھ کر سکون سے فرار ہوئے ہیں، پوجا کے مطابق وہ اپنے کام میں ایسے ماہر تھے کہ گویا وہ اس سے پہلے بھی کچھ وارداتیں کر چکے ہیں تاہم وہ جاننے سے قاصر ہیں کہ آخر یہ شو پیس ان کے کس کام آسکتا ہے۔
اس ضمن میں پولیس کو رپورٹ لکھوائی گئی ہے جس نے تفتیش شروع کر دی ہے، لیکن اب تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی ہے جبکہ مالکان نے کہا ہے کہ چور اگر چمچہ واپس کر دیں تو ان سے کوئی سوال نہیں کیا جائے گا۔
پوجا اور ان کے شوہر نے 2008 میں یہ دکان کھولی تھی جس کی اب 34 شاخیں ہو چکی ہیں تاہم چمچے والی ریستوران صرف ایک ہی تھی جو ان کی اولین دکان بھی ہے، ان کے مطابق گاہکوں کو اس نادر شے سے لگاؤ تھا اور لوگ اس کی سیلفیاں لے کر سوشل میڈیا پر بڑے شوق سے پوسٹ کرتے تھے۔