الاباما: (ویب ڈیسک) امریکا میں چور ریڈیو ٹاور اور ٹرانسمیٹر چرا کر فرار ہوگئے۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق امریکی ریاست الاباما میں چوری کی انوکھی واردات میں ملزمان دن دیہاڑے 200 فٹ لمبا ریڈیو ٹاور اور ٹرانسمیٹر چرا کر بآسانی فرار ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جسپر کمیونٹی کیلئے خبروں اور دیگر معلومات کا اہم ذریعہ ریڈیو سٹیشن ہے، چوری کی واردات 2 فروری کو پیش آئی جس کے بعد سٹیشن آف ایئر ہوگئے۔
جنرل مینجر ریڈیو سٹیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ٹاور اور ٹرانسمیٹر چوری ہونے کی وجہ سے جسپر کمیونٹی کو بہت سی مشکلات کا سامنا ہے، دراصل ان کی آواز چھین لی گئی، چوری کی واردات کا انکشاف اُس وقت ہوا جب عملہ درستگی کیلئے سٹیشن پہنچا، انہوں نے دیکھا کہ ٹاور ہے اور نہ ہی ٹرانسمیٹر اپنی جگہ پر موجود ہے۔
واضح رہے کہ ریڈیو اسٹیشن 1950 سے قائم ہے، سٹیشن کے حکام کو شبہ ہے کہ چور ٹاور کو چھوٹے چھوٹے ٹکڑوں میں توڑ کر لے گئے، واقعے میں ابھی تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔