لیہ :(دنیا نیوز ) جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ میں درزی کی دوکان میں چوری کے بعد چور اعتکاف بیٹھ گیا۔
جنوبی پنجاب کے ضلع لیہ کے تھانہ فتح پور پولیس نے چک نمبر 106 ایم ایل کی جامع مسجد میں کارروائی کرتے ہوئے چوری کی واردات میں ملوث اعتکاف پر موجود چور گرفتار کرکے مال مسروقہ برآمد کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم بلاول نے ساتھی کے ہمراہ 2 روز قبل موتی بازار میں درزی کی دکان سے چوری کی اورعبدالغفور نامی درزی کی دکان کے تالے توڑ کر 12 سوٹ چوری کرکے لے گیا، واردات کے بعد ملزم بلاول مسجد میں اعتکاف پر بیٹھ گیا ۔
مقامی پولیس نے بلاول کو مسجد سے گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا جبکہ واردات کے وقت موجود ملزم کے ساتھی شاہ زیب کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
واضح رہے یہ واقعہ لیہ میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گیا اور مقامی افراد اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کررہے ہیں۔