نئی دہلی :(دنیا نیوز) بھارت کی ائیر لائن ائیر انڈیا کی پرواز میں مسافر کو دیئے گئے کھانے سے تیز دھار بلیڈ نکل آیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی صحافی نے ائیر انڈیا کی پرواز میں اپنے ساتھ پیش آنے والا واقعہ سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا اور کھانے میں بلیڈ کی تصویر بھی شیئر کی۔
پوسٹ کے مطابق 9 جون کو بنگلورو سے امریکا کے شہر سان فرنسسکو جانے والی ائیر انڈیا کی پرواز میں عملے نے چاٹ پیش کی تو کھاتے ہوئے منہ میں کچھ سخت سا محسوس ہوا تو فوراً تھوکنے پر پتا چلا کہ یہ تیز دھار بلیڈ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی بھی فلائٹ میں بلیڈ ہونا خطرناک ہے، اس سے میری زبان بھی کٹ سکتی تھی یا کوئی بچہ یہ کھانا کھا رہا ہوتا تو کیا ہوگا؟
صحافی نے مزید لکھا کہ ائیر لائن عملے کو شکایت کی تو کچھ دن بعد مجھے رشوت کے طور پر دنیا میں کہیں بھی مفت میں بزنس کلاس ٹور کی پیش کش کی جسے میں نے ٹھکرا دیا۔
دوسری جانب ائیر لائن نے بھی واقعے کی تصدیق کی تاہم مسافر کو بزنس کلاس ٹور کی پیش کش پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔