خاتون کے سر میں ’جوئیں‘ نظر آنے پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ

Published On 06 August,2024 09:18 am

لاس اینجلس: (ویب ڈیسک) طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کسی مسافر کی طبیعت خراب ہونے یا پھر فنی خرابی کے باعث کی جاتی ہے لیکن حیران کن طور پر خاتون کے سر میں ’جوئیں‘ نظر آنے پر طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

امریکی ریاست لاس اینجلس سے نیویارک جانے والی امریکی ایئرلائن کی پرواز میں مسافر خاتون کے بالوں میں جوئیں رینگتے ہوئے دیکھی گئی جس کے بعد طیارے کا رخ ہنگامی لینڈنگ کیلئے فینکس ایریزونا کی طرف موڑ دیا گیا۔

دراصل ٹک ٹاک صارف ایتھن جوڈیلسن نے جون میں پیش آنے والے واقعے کو ویڈیو میں بیان کیا ہے جسے اب تک 10 لاکھ سے زائد لوگ دیکھ چکے ہیں۔

فینکس میں ہنگامی لینڈنگ کے بعد جوڈیلسن نے بتایا کہ ’میں 12 گھنٹے سے ہوائی اڈے پر ہوں کیونکہ فلائٹ گراؤنڈ کر دی گئی تھی جس کی وجہ خاتون کے سر میں ’جوؤں‘ کا موجود ہونا ہے۔

ٹک ٹاک صارف کے مطابق امریکی ایئرلائنز نے وضاحت نہیں دی کہ طیارے کو فینکس میں کیوں اترنا پڑا۔

جوڈیلسن کا کہنا ہے کہ انہوں نے مسافروں کو یہ گفتگو کرتے ہوئے سنا کہ پرواز میں ’جوؤں کے پھیلنے‘ کی وجہ سے ہنگامی لینڈنگ کرنا پڑی۔

بعدازاں ترجمان ایئرلائن کی جانب سے کہا گیا کہ میڈیکل ایمرجنسی کے باعث طیارے کی ہنگامی لینڈنگ کی گئی تھی۔