احمد آباد: (دنیا نیوز) بھارت میں ایک جعلی عدالت کے نقلی جج نے کئی فیصلے سنا دیئے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر احمد آباد میں ایک جعلی عدالت پکڑی گئی ہے، پولیس حکام نے ایک وکیل کو پکڑا جو جج بن کر کئی برس سے لوگوں سے فراڈ کر رہا تھا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ جعلی عدالت احمد آباد کے سول کورٹ میں کافی عرصے سے چلائی جا رہی تھی، جس میں وکیل مورس کرسچن نے جعلی جج کا روپ دھار کر متنازعہ زمینوں سے متعلق مقدمات میں کئی احکامات صادر کئے۔
جعلی عدالت کا انکشاف اس وقت ہوا جب ایک کیس احمد آباد سٹی سیشن کورٹ کے جج کے پاس پہنچ گیا، جس کے بعد رجسٹرار کے ذریعے پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی گئی اور پولیس نے ابتدائی تفتیش کے بعد مورس کرسچن کو گرفتار کر لیا۔
احمد آباد کی اس فرضی عدالت کے جعلی جج مورس کرسچن پر الزام ہے کہ اس نے جعلی ٹریبونل بنایا اور خود کو جج کے طور پر پیش کیا۔
رجسٹرار ہاردک دیسائی کی طرف سے درج کرائی گئی شکایت میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے دوسرے لوگوں کے ساتھ مل کر ٹھاکر باپوجی چھانا جی کے نام پر مجرمانہ سازش رچی اور خود کو ثالث کے طور پر پیش کیا۔