کوئٹہ :(ویب ڈیسک) اگر ایسا پالتو پرندہ کسی وجہ سے جدا ہوجائے تو وہ اکثر اس کے مالکان کے لیے ایک تکلیف دہ امر ثابت ہوتا ہے، یہی کیفیت کوئٹہ کے ایک گھرانے کی ہے جن کا طوطا گم ہوگیا ہے جس پر وہ نہ صرف پریشان ہیں بلکہ اسے ڈھونڈنے کے لیے انوکھا اشتہار جاری کردیا گیا۔
کوئٹہ کے وسطی علاقے زرغون روڈ پر ان دنوں تلاش گمشدہ کا یہ انوکھا پمفلٹ دیکھا جا رہا ہے جس پر اس طوطے کی تصویر بھی چھپی ہوئی ہے، پی اینڈ ٹی کالونی کی رہائشی ایک خاتون کا کہنا ہے کہ 5 نومبر کو ان کے ہاتھوں ان کا پہاڑی طوطا اڑ گیا تھا جس کے بعد سے وہ انتہائی پریشان ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ طوطا اڑجانے پر انہوں نے تلاش گمشدہ کے پمفلٹس بعنوان ’تلاش گمشدہ پہاڑی مٹھو‘دیواروں پر چسپاں کیے ہیں جبکہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر بھی طوطے کی تصاویر اور ویڈیوز پوسٹ کرکے لوگوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اگر وہ اس طوطے کو کہیں دیکھیں تو انہیں مطلع کردیں، طوطے کی تلاش میں مدد پر انعام کی پیشکش بھی کی گئی ہے۔
خاتون نے مزید کہنا تھا کہ وہ طوطا ان کے گھر کے تمام افراد کے لیے بہت خاص ہے اور ایک طرح سے ان کے خاندان کا ہی ایک فرد ہے، وہ اور دیگر اہلخانہ طوطے کے گم ہوجانے پر کافی افسردہ ہیں۔
خاتون نے بتایا کہ ان کا گمشدہ طوطا بہت اچھی نسل کا ہے اور کئی زبانیں بولتا ہے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس طوطے کی قیمت 5 لاکھ روپے سے زائد ہے۔