بیجنگ: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں بینک ڈکیتی کی وارداتیں عام ہیں، ڈاکو یا چور یہ وارداتیں بینک میں موجود رقم یا لاکرز میں پڑی قیمتی اشیاء لوٹنے یا چوری کرنے کیلئے کرتے ہیں۔
تاہم چین کے بینکوں میں حالیہ کچھ عرصہ میں مٹی چوری کی جا رہی ہے جس کی وجہ جان کر سب حیران رہ جائیں گے۔
چین کے ضعیف الاعتقاد شہریوں نے دولت مند بننے کیلئے بڑا ہی منفرد اور دلچسپ طریقہ اختیار کیا ہے، وہ امیر بننے کیلئے اپنے گھروں میں بینکوں سے چرائی گئی مٹی رکھ رہے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق چین میں آج کل مٹی کی بہت مانگ ہیں اور مٹی کے ایک چھوٹے سے بیگ کی قیمت 120 ڈالر (33 ہزار پاکستانی روپے سے زائد) تک وصول کی جا رہی ہے، لیکن لوگ اتنی مہنگی مٹی بھی خرید رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان تھیلوں میں بینک کے آس پاس یا قریب رکھے گملوں سے چرائی گئی مٹی ہوتی ہے جس کو وہ گھروں میں دولت کی برسات کیلئے خریدتے ہیں، چین میں آن لائن یہ مٹی فروخت کی جا رہی ہے اور بیچنے والوں کا دعویٰ ہے کہ یہ گھر میں دولت کی ریل پیل کیلئے ایک نیک شگون ہے۔
ان کا دعویٰ ہے کہ جس گھر میں یہ مٹی ہوگی وہاں 99.99 فیصد دولت کی برسات (امیری) ہوگی، چین کے لوگوں کی بڑی تعداد اس پر یقین کرتے ہوئے دھڑا دھڑ مٹی کے یہ چھوٹے بیگ خرید کر گھروں میں رکھ رہی ہے۔