نوجوان کے معدے سے 7 ٹوتھ برش اور 2 رینچ نکال لئے گئے

نوجوان کے معدے سے 7 ٹوتھ برش اور 2 رینچ نکال لئے گئے

اس واقعہ کو طبی تاریخ کا حیران کن واقعہ بھی قرار دیا جا رہا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق 26 سالہ نوجوان پانچ روز قبل شدید پیٹ کے درد کی شکایت کے ساتھ جے پور کے ہسپتال لایا گیا، مریض کی تشویشناک حالت دیکھتے ہوئے ڈاکٹروں نے فوری طور پر اس کے ٹیسٹ کئے اور پیٹ کی سونو گرافی جب سامنے آئی تو ڈاکٹرز یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اس کے معدے میں متعدد سخت اور نوکیلی اشیاء موجود تھیں۔

رپورٹ کے مطابق ہسپتال کے سینئر سرجن ڈاکٹر تنمے پاریکھ کے مطابق نوکیلی اشیاء نوجوان کے معدے کی دیوار تک جا پہنچی تھیں اور وہ کسی بھی وقت جان لیوا ثابت ہو سکتی تھیں، اسی لئے ڈاکٹرز نے فوری طور پر نوجوان کے آپریشن کا فیصلہ کیا۔

یہ پیچیدہ آپریشن دو گھنٹے سے زائد جاری رہا، جس میں ڈاکٹروں نے نوجوان مریض کے معدے سے 7 ٹوتھ برش اور دو لوہے کے پانے (رینچ) نکال لئے۔

ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ نوجوان ذہنی مریض ہے اور وہ کھانے کے قابل نہ ہونے والی اشیاء نگل لیتا تھا۔