خلاصہ
- ریاض: (ویب ڈیسک) سعودی عرب نے ملک میں موجود لاکھوں اونٹوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کے منصوبے کا اعلان کر دیا جس کا مقصد مملکت کے قیمتی اونٹوں کے ریوڑوں کا بہتر انتظام اور نگرانی کرنا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق سعودی وزارتِ ماحولیات، پانی اور زراعت کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے اونٹوں کے شعبے میں پیداواری صلاحیت اور مجموعی کارکردگی میں اضافہ ہوگا جبکہ اونٹوں سے متعلق ایک جامع اور قابلِ اعتماد ڈیٹا بیس بھی تیار کیا جا سکے گا۔
وزارت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی پوسٹ میں اونٹوں کے پاسپورٹ کی تصویر بھی شیئر کی گئی جو سبز رنگ کا ہے، پاسپورٹ پر سعودی عرب کا قومی نشان اور سنہری رنگ میں اونٹ کی تصویر نمایاں طور پر بنی ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 2024 میں سعودی عرب میں اونٹوں کی تعداد تقریباً 22 لاکھ ہے، اونٹ صدیوں سے عرب دنیا میں نقل و حمل کا ایک اہم ذریعہ رہے ہیں اور آج بھی یہ جانور اپنے مالکان کے لیے وقار اور سماجی حیثیت کی علامت سمجھے جاتے ہیں۔
اسی تاریخی اور ثقافتی اہمیت کے باعث سعودی عرب میں اونٹوں کی افزائش ایک منافع بخش صنعت کی شکل اختیار کر چکی ہے، مملکت میں ہر سال منعقد ہونے والے مختلف تہواروں کے دوران اونٹوں کے حسن کے مقابلے بھی ہوتے ہیں جہاں شوقین افراد اپنے اونٹوں پر لاکھوں ڈالر خرچ کرتے ہیں۔
حکام کے مطابق بعض مواقع پر بددیانت افراد غیر قانونی طریقوں سے مقابلوں میں برتری حاصل کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں جس کی روک تھام کے لیے اونٹوں کی باقاعدہ رجسٹریشن اور پاسپورٹ کا اجرا ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔