خلاصہ
- سیئول: (ویب ڈیسک) جنوبی کوریا میں ایک خاتون نے شادی ختم ہونے پر افسردہ ہونے کے بجائے طلاق کا جشن منا کر سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرلی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 37 سالہ جنوبی کوریائی خاتون چو سیونگ یون، جو ایک بچے کی والدہ اور سوشل میڈیا کانٹینٹ کریئیٹر ہیں، نے اپنی طلاق کے موقع پر دوستوں کے لیے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا۔
خاتون کا کہنا تھا کہ اس تقریب کا مقصد طلاق یافتہ خواتین کے حوالے سے معاشرے میں پائے جانے والے منفی تصورات کو چیلنج کرنا اور زندگی کے نئے سفر کا آغاز خوشی اور مثبت سوچ کے ساتھ کرنا تھا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں چو سیونگ یون کو چمکدار لباس پہنے اپنے دوستوں کے ہمراہ جشن مناتے دیکھا جا سکتا ہے، اس موقع پر انہوں نے کیک کاٹا، تقریر کی اور دوستوں کے ساتھ خوشی کے لمحات گزارے، جبکہ شرکا تالیاں بجا کر انہیں مبارک باد دیتے رہے۔
خاتون نے اپنی ویڈیو کے ساتھ لکھا کہ ان کی طلاق کی تقریب شادی کی تقریب سے بھی زیادہ شاندار تھی۔
ویڈیو وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا، تاہم متعدد افراد نے خاتون کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہیں زندگی کے نئے آغاز پر نیک خواہشات پیش کیں۔