اسلام کا شدید مخالف جرمن سیاستدان مسلمان ہو گیا

Published On 24 Jan 2018 05:28 PM 

برلن: (ویب ڈیسک) آرتھر واگنر کا تعلق جرمنی کی ریاست برانڈنبرگ سے ہے۔ وہ 2015ء میں مہاجرین اور اسلام مخالف جماعت میں شامل ہوئے تھے۔

جرمنی کے خبر رساں ادارے میں چھپنے والی خبر کے مطابق اسلام مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی کے ایک سیاستدان آرتھر واگنر نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ یہ جماعت جرمن انتخابات میں اے ایف ڈی تیسری بڑی سیاسی قوت بن کر سامنے آئی تھی اور آرتھر واگنر 2015ء میں مہاجرین اور اسلام مخالف جماعت میں شامل ہوئے تھے۔

آرتھر واگنر کا تعلق وفاقی جرمن ریاست برانڈنبرگ سے ہے۔ واگنر روسی نژاد جرمن شہری ہیں اور اے ایف ڈی میں شمولیت سے قبل وہ چانسلر انگیلا میرکل کی سایسی جماعت سی ڈی یو کے پلیٹ فارم سے سیاست کر رہے تھے۔

اے ایف ڈی نے اپنی جماعت کے اہم سیاستدان آرتھر واگنر کے اسلام قبول کرنے کی تصدیق کی ہے۔ پارٹی ترجمان ڈینیئل فریزے نے واگنر کے اسلام قبول کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت کو اُن کے اسلام قبول کرنے سے کوئی مسئلہ نہیں۔

خیال رہے کہ آرتھر واگنر ایسے پہلے سیاستدان نہیں ہیں جو اسلام مخالف سیاست کرتے کرتے خود بھی مسلمان ہو گئے۔ اس سے پہلے ہالینڈ کی مسلمان مخالف سیاسی جماعت فریڈم پارٹی سے تعلق رکھنے والے آرنوڈ فان ڈورن نے بھی اسلام قبول کر لیا تھا جس کے بعد انہیں ان کی جماعت سے نکال دیا گیا تھا۔