اقوام متحدہ اور او آئی سی کی کشمیریوں اور فلسطینیوں پر مظالم کی مذمت

Last Updated On 03 April,2018 05:37 pm

نیویارک: (دنیا نیوز) اقوام متحدہ اور مسلمان ملکوں کی تنظیم او آئی سی نے کشمیریوں اور فلسطینیوں پر مظالم کی مذمت کر دی۔ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش نے اظہارِ تشویش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں ہوں یا غزہ میں شہریوں کی حفاظت ہونا چاہیے۔ او آئی سی کے سیکرٹری جنرل يوسف بن أحمد العثيمين نے مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداد کے تحت حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

کشمیریوں اور فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوترش اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل يوسف بن احمد العثيمين بھی بول پڑے۔ نیویارک سے جاری بیان میں سیکرٹری جنرل گوترش نے کہا ہے کہ کشمیر میں حالات دیکھ رہے ہیں، وہ بہت تشویشناک ہیں۔ غزہ کے شہری ہوں یا کشمیر کے، ان کی حفاظت ہونا چاہیے۔ سیکرٹری جنرل گوترش نے کہا کہ ہلاکتیں کہیں بھی ہوں ان کی تحقیقات ہونا چاہیے۔ انہوں نے عالمی ادارے کے ارکان ممالک پر زور دیا کہ مسائل حل کرنے کےلیے راستے تلاش کریں۔

دوسری جانب او آئی سی کے سیکرٹری جنرل يوسف بن احمد العثيمين نے کہا ہے کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا پر امن حل نکالنے کےلیے اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ فیکٹ فائنڈنگ مشن کو کشمیر جانے کی اجازت دے۔ انہوں نے کشمیری عوام سے یکجہتی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کےلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
 

Advertisement