نئی دہلی: (دنیا نیوز) بھارت نے اپنا طیارہ مار گرائے جانے کا اعتراف کرلیا۔ بھارتی سیکرٹری خارجہ کا کہنا ہے بھارتی ایئر فورس کا ایک طیارہ مگ 21 پائلٹ سمیت لاپتہ ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے اپنا مگ 21 طیارہ گرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹ نے مگ 21 میں آج صبح اڑان بھری تھی، ہمارے مگ 21 طیارے کا ایک پائلٹ لاپتہ ہے، پاکستان کا دعویٰ ہے کہ ہم نے بھارتی پائلٹ کو گرفتار کرلیا ہے۔
یاد رہے پاکستان ائیرفورس کے مایہ ناز شاہینوں نے بھارت کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے اس کے 2 طیارے مار گرائے اور ونگ کمانڈر سمیت 2 بھارتی پائلٹ گرفتار کر لئے۔ ابھی نندن ونگ کمانڈر کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کر دیا گیا۔
بھارتی لڑاکا طیارے کے پائلٹ ابھی نندن نے میڈیا کے سامنے اپنا نام اور انڈین ایئر فورس کا سروس نمبر بتایا۔ ابھی نندن کا کہنا تھا کہ وہ بھارتی فضائیہ میں ونگ کمانڈر ہے اور اس کا سروس نمبر 27981 اور مذہب ہندو ہے۔ ونگ کمانڈر ابھی نندن بھارتی ریٹائرڈ ایئر مارشل کا بیٹا ہے۔