نئی دہلی: (ویب ڈیسک) بھارتی فوج کا ایک ہیلی کاپٹر ہمسایہ ملک بھوٹان میں گر کر تباہ ہو گیا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔ 2014 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے 26 جنگی طیارے، 6 ہیلی کاپٹرز، 9 تربیتی طیارے اور 3 سامان بردار طیارے تباہ ہو چکے ہیں۔
بھارتی میڈیا انڈیا ٹوڈے کے مطابق ہیلی کاپٹر جس کا نام چیتا بتایا جا رہا تھا بھوٹان میں گرا، جس کے نتیجے میں بھارتی فوج کے لیفٹننٹ کرنل رینک کا ایک پائلٹ زندگی کی بازی ہار گیا جبکہ دوسرا مرنے والا پائلٹ بھوٹان کا تھا جو تربیت کے لیے بھارتی فوج کے ساتھ تھا۔
خیال رہے کہ 25 ستمبر کو ہی بھارتی ایئر فورس (آئی اے ایف) کا مگ 21 لڑاکا طیارہ مدھیا پردیش کے علاقے گوالیور میں قائم ایئربیس کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا۔ تاہم اس واقعے میں دونوں پائلٹ نکلنے میں کامیاب رہے تھے جبکہ بھارتی فضائیہ نے واقعے پر انکوائری کا حکم دے دیا تھا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بھارتی فوج کا ہیلی کاپٹر یونپھولا میں لینڈنگ کے لیے پہنچا تھا لیکن وہ قریبی پہاڑی کھنتونمانی میں گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دونوں بھارتی اور بھوٹانی فوج کے افسران موقع پر ہلاک ہو گئے۔
بھارتی فوج کے ترجمان کرنل امان آنند کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ دوپہر ایک بجے کے قریب پیش آیا، جب پرواز کے لیے ہیلی کاپٹر اُڑا تو تھوڑی دیر بعد اس کا رابطہ مرکزی کنٹرول روم سے منقطع ہو گیا۔ واقعے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
8 اگست کو بھی بھارت کی ریاست آسام میں بھارتی فضائیہ کا روسی ساختہ جنگی طیارہ سکوئی 30 دوران پرواز گر کرتباہ ہوگیا تاہم حادثے میں طیارے کا پائلٹ محفوظ رہا تھا۔ جون میں آئی اے ایف کا سامان بردار طیارہ ریاست اروناچل پردیش میں گر کر تباہ ہوگیا تھا، جس میں عملے سمیت آئی اے ایف کے 26 اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔8 مارچ کو بھارتی ریاست راجستھان میں ایئر فورس کا مگ 21 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا تھا۔
خبر رساں ادارے کے مطابق 2014 سے اب تک بھارتی فضائیہ کے 26 جنگی طیارے، 6 ہیلی کاپٹرز، 9 تربیتی طیارے اور 3 سامان بردار طیارے تباہ ہوئے جبکہ ان حادثات میں 46 افراد بھی ہلاک ہوئے۔