واشنگٹن: (دنیا نیوز) وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیلی میکنانی نے صدارتی انتخابات میں سنگین بدعنوانیوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن میں فراڈ کیا گیا، مخالفین رزلٹ پر اثر انداز ہوئے۔
ٹرمپ اور ان کے حامیوں کی جانب سے امریکی صدارتی الیکشن کے نتائج پر ٘محاذ آرائی کا سلسلہ جاری ہے، وائٹ ہاؤس کے پریس سیکرٹری اور ٹرمپ کی کمپین چلانے والے میتھو مورگن کا کہنا ہے کہ معاملہ ابھی ختم نہیں ہوا، ہماری پوزیشن کلیئر ہے، سچائی پر مبنی شفاف گنتی اور امریکی عوام کے ووٹ کا تحفظ چاہتے ہیں، ٹرمپ الیکشن کے رزلٹ کو تسلیم نہیں کرتے۔
ڈیموکریٹک پارٹی سے تعلق رکھنے والے جوبائیڈن انتخابات میں کامیابی تو حاصل کر چکے ہیں تاہم ان کے حریف صدر ڈونلڈ ٹرمپ مختلف ریاستوں میں ووٹوں کی گنتی میں بے ضابطگیوں کی شکایت کر رہے ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ٹرمپ نےانتخابات سے قبل ہی دھاندلی کا شور مچانا شروع کر دیا تھا۔
ٹرمپ کی جانب سے صدارتی انتخابات کے نتائج کو قانونی طور پر چیلنج کئے جانے کے سبب کئی عالمی رہنماوں نے جوبائیڈن کو صدر بننے کی تاحال مبارکباد نہیں دی جن میں روس کے صدر ولادی میر پوٹن، چینی صدر شی جن پنگ، کوریا کے رہنما کم جونگ ان، میکسیکو کے صدر آندریس مینوئل لوپار ابرایڈر، برازیل کے صدر جائر بولسنارو اور چند ایک دیگر شامل ہیں۔