واشنگٹن: (دنیا نیوز) نومنتخب امریکی صدر جوبائیڈن کی انتخابات میںفتح کا جشن ملک بھر میں جاری ہے، جوبائیڈن اہل خانہ کے ہمراہ چرچ پہنچے اور دعائیں مانگیں۔ دوسری جانب صدر ٹرمپ انتخابات کے چوری ہونے کے دعوے پر زور و شور سے قائم ہیں.
جوبائیڈن نے صدارتی انتخابات میں فتح کے بعد آبائی ریاست ڈیلاوئیر کے چرچ کا دورہ کیا، اس موقع پر اہل خانہ بھی ان کے ہمراہ تھے، اپنے پیغام میں جوبائیڈن نے کہا کہ امریکی عوام پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر اٹھیں گے۔ واشنگٹن سمیت مختلف شہروں میں بائیڈن کی فتح کا جشن ابھی تک جاری ہے،وائٹ ہاؤس کے قریب شہریوں نے جمع ہو کر مختلف انداز میں خوشی کا اظہار کیا۔
دوسری جانب امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ نے اپنا بیانیہ برقرار رکھا ہے، انہوں نے انتخابات میں فراڈ کے حوالے سے مزید سنگین الزامات عائد کر دیئے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ٹویٹر پیغام میں انتخابات کو چوری شدہ قرار دے دیا۔ مزید کہا کہ یہ لوگ چور ہیں، امریکا کی انتخابی مسائل کی ایک تاریخ ہے، بڑے شہروں کی ووٹ ڈالنے والی مشینیں خراب ہیں، الیکشن میں فراڈ کے حوالے سے متعدد حلفیہ بیانات بھی سامنے آچکے ہیں۔
ری پبلکن سینیٹر میٹ رومنی نے کہا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ عدالتی جنگ ہار جاتے ہیں تو ناگزیز شکست کو قبول کریں گے۔ امریکی ٹی وی سے گفتگو میں میٹ رومنی کا کہنا تھا کہ ووٹوں کی دوبارہ گنتی کی درخواست ٹرمپ کا حق ہے، اگر وہ چیلنج ہار گئے تو شکست کو قبول کرلیں گے، صدر ٹرمپ ہار کے باوجود ری بپلیکنز کے سرفہرست رہنما رہیں گے، وہ بلاشبہ ہماری پارٹی میں سب سے طاقتور آواز ہیں۔