ماسکو: (دنیا نیوز) روس کی جانب سے بنائی گئی کورونا ویکسین دوسرے مراحل کے تجربات میں 95 فیصد تک موثر ثابت ہوئی ہے۔
روسی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ اٹھارہ ہزار سے زائد متاثرین کو ‘’سپوتنک فائیو’’ ویکسین کی ڈوز لگانے کے بیالیس روز بعد اس کے اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
ابتدائی اعدادوشمار کے مطابق کورونا ویکسین پچانوے فیصد تک موثر رہی۔ روس کے ویلتھ فنڈ کے سربراہ کا کہنا ہے کہ روسی ویکسین دیگر کی نسبت سستی ہے۔ ماسکو اگلے برس تک 1 ارب ڈوز بنانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اقوام متحدہ کا 2021ء میں ترقی پذیر ممالک کو کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان
دوسری جانب عالمی ادارے اقوام متحدہ نے 2021ء تک ترقی پذیر ممالک کو کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ 2021ء میں کورونا وائرس کی دو ارب دوائی ترقی پذیر ممالک کو مہیا کی جائے گی۔
اس پروگرام کو کوویکس کا نام دیا گیا ہے۔ یونیسیف کوویکس پروگرام کے تحت دنیا بھر کی 350 ائیر لائنز اور لاجسٹک کمپنیوں کے ساتھ شراکت میں ویکسینز اور ایک ارب ٹیکے ترقی پذیر ممالک کو فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کرے گی۔
کوویکس پروگرام عالمی ادارہ صحت اور دیگر عالمی تنظیموں کا ایک ایسا پروگرام ہے جس کے تحت کرونا ویکسین کی ضرورت مند ممالک اور افراد تک بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔
ادارے کی سپلائی ڈویژن کی ڈائریکٹر ایتلیوا کادیلی کے مطابق یونیسیف کی شراکت داری کے نتیجے میں ہم اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ کرونا کی ویکسین کی دنیا بھر میں فراہمی کے تاریخی مشن کو احسن طریقے سے انجام دیا جائے۔