اقوام متحدہ کا 2021ء میں ترقی پذیر ممالک کو کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان

Published On 23 November,2020 06:15 pm

نیویارک: (ویب ڈیسک) عالمی ادارے اقوام متحدہ نے 2021ء تک ترقی پذیر ممالک کو کورونا ویکسین فراہم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز منعقد ہونے والے جی ٹونٹی سمٹ میں شریک دنیا کے ترقی یافتہ ممالک نے کورونا ویکسین کی منصفانہ طریقے سے دنیا بھر میں تقسیم کا اعادہ کیا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے العربیہ ڈاٹ نیٹ میں چھپنے والی رپورٹ کے مطابق اب اقوام متحدہ (یو این او) کی ذیلی تنظیم یونیسیف کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 2021ء میں کورونا وائرس کی دو ارب دوائی ترقی پذیر ممالک کو مہیا کی جائے گی۔

اس پروگرام کو  کوویکس  کا نام دیا گیا ہے۔ یونیسیف  کوویکس  پروگرام کے تحت دنیا بھر کی 350 ائیر لائنز اور لاجسٹک کمپنیوں کے ساتھ شراکت میں ویکسینز اور ایک ارب ٹیکے ترقی پذیر ممالک کو فراہم کرنے کے منصوبے پر کام کرے گی۔

 کوویکس  پروگرام عالمی ادارہ صحت اور دیگر عالمی تنظیموں کا ایک ایسا پروگرام ہے جس کے تحت کرونا ویکسین کی ضرورت مند ممالک اور افراد تک بروقت فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ادارے کی سپلائی ڈویژن کی ڈائریکٹر ایتلیوا کادیلی کے مطابق یونیسیف کی شراکت داری کے نتیجے میں ہم اس امر کو یقینی بنائیں گے کہ کرونا کی ویکسین کی دنیا بھر میں فراہمی کے تاریخی مشن کو احسن طریقے سے انجام دیا جائے۔

 

Advertisement