جینیوا : (ویب ڈیسک ) اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندہ برائے یمن نے سعودی عرب اور ایران کے درمیان حالیہ معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے یمن پر زور دیا ہے کہ وہ اس کا فائدہ اٹھائے اور امن کی طرف جائے۔
عرب میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خلیجی خطے کے استحکام کے لیے ایران اور سعودی عرب کے درمیان خوشگوار تعلقات کو بہت اہم قرار دیاہے ۔
اقوام متحدہ میں چین کے مستقل نمائندے جنگ شانگ نے اس اجلاس میں کہا کہ معاہدہ آج غیریقینی کی صورت حال سے دوچار دنیا کے لیے ایک خوشی کی خبر ہے، اس سے خطے کے امن، استحکام، یکجہتی اور باہمی تعاون کے منظرنامے میں مثبت اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے سے یمن میں صورت حال کو بہتری کی طرف لانے میں مدد ملے گی۔
یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب ایران معاہدے سے تنازعات کے خاتمے کی رفتارمیں اضافہ ہوگا: اقوام متحدہ
سکیورٹی کونسل کے اجلاس میں ہینس گرنڈبرگ نے ثالثی کے لیے سعودی عرب اور عمان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یمن کی جماعتوں کو اس سے فائدہ اٹھانا چاہیے جو ان کو خطے میں ہونے والے اس سفارتی قدم کی صورت میں ملا ہے ، وہ پرامن مستقبل کے لیے فیصلہ کن اقدامات کریں۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور ایران نے گزشتہ ہفتے بیجنگ میں 2016 کے بعد سے معطل سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا تھا۔