معروف عالم دین مولانا سید رابع حسنی ندوی انتقال کر گئے

Published On 14 April,2023 10:03 am

اترپردیش: (دنیا نیوز) سربراہ دارالعلوم ندوۃ العلما لکھنو، مفسر قرآن، محدث العصر، سیرت نگار، عظیم مورخ وداعی، شہرہ آفاق محقق وادیب حضرت مولاناسیدرابع حسنی ندوی انتقال کر گئے۔

تفصیلات کے مطابق علم و عمل کے راہی اور اپنی زندگی اشاعت اسلام کے لیے وقف کرنے والے مولانا سید محمد رابع حسن ندوی بھارت میں انتقال کر گئے۔

حضرت مولانا سیدابوالحسن علی حسنی ندوی رحمۃ اللہ علیہ کے محبوب بھانجہ ، معتمد اور ان کی وفات کے بعد ان کے جانشین مولانا سید محمد رابع حسنی ندوی بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر بریلی میں انتیس اکتوبر انیس سو انتیس میں پیدا ہوئے۔

آپ نے اپنے ماموں مولانا سیدابوالحسن علی ندویؒ کی رہنمائی میں تعلیم وتربیت پائی، آپ دارالعلوم ندوۃ العلماء سے تعلیم مکمل کرکے پھر وہیں استاد مقرر ہوئے اور تمام علوم وفنون آپ کے زیردرس رہے، وقت کے ساتھ ساتھ آپ نے مختلف مناظل طے کیں اور ناظم کے منصب پر فائز ہوئے۔

آپ آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے صدر بھی رہے، مولانا رابع حسنی ندوی رابطہ عالم اسلامی اور اسلامک سینٹر آکسفورڈ یونیورسٹی کے تاسیسی رکن بھی تھے۔

مولانا کی تصنیف کردہ متعدد کتابیں دارالعلوم ندوۃ العلماء کے تعلیمی نصاب کا حصہ ہیں، آپ کی سب سے زیادہ پڑھی جانے والی سیرت نبوی پرکتاب رہبرانسانیت کا ترجہ اردو، انگریزی، ہندی اور عربی زبان میں موجود ہے، قرآن مجید کے مضامین پر مشتمل کتاب "قرآن مجید ایک رہبر کامل" بھی آپکی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

Advertisement