امریکا نے ایک بار پھر ایران کو یورینیم کی افزود گی پر خبر دار کر دیا

Published On 11 June,2023 07:15 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکی حکام نے ایک بار پھر ایران کو یورینیم کی افزود گی پر خبر دار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے ایٹم بم بنانے کی کوششیں ترک نہ کیں تو اسے بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

امریکی میڈیا کے مطابق گزشتہ ماہ عمان میں امریکا اور ایران کے درمیان بالواسطہ جوہری مذاکرات ہوئے، وائٹ ہاؤس کے رابطہ کار برائے مشرق وسطیٰ بریٹ میک گرک خفیہ طور پر 8 مئی کو عمان پہنچے تھے، بریٹ میک گرک نے ایران سے جوہری پروگرام کے حوالے سے مذاکرات کے امکانات پر عمانی حکام سے بات کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایرانی اور امریکی حکام علیحدہ علیحدہ کمروں میں بیٹھے تھے جبکہ عمانی حکام دونوں وفود کے درمیان پیغام رسانی کا کام کر رہے تھے، وفد میں ایران کے چیف نیوکلیئر مذاکرات کار علی باقری بھی شامل تھے، امریکا نے واضح کیا کہ ایران یورینیم کی افزود گی کی سطح 90 فیصد تک لے جانے کا سلسلہ بند کر دے۔