ترپولی : (ویب ڈیسک ) لیبیا کے حکام نے کہا ہے کہ سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے جاتے ہوئے ٹریفک حادثہ پیش آگیا جس میں 4 یونانی رضاکاروں سمیت 7افراد ہلاک ہو گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی خبر کے مطابق لیبیا کے مشرقی حصے پر حکمران دھڑے کے وزیر صحت نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ حادثے میں 4 یونانی رضاکاروں سمیت لیبیائی خاندان کے 3 افراد بھی ہلاک ہوئے۔
لیبیا کے وزیر صحت کے مطابق حادثے میں مزید 15 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں ۔
اس سلسلے میں امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، زخمیوں کو طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
وزیر صحت کا کہنا تھا کہ حادثے کے اسباب جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :سیلاب سے تباہی : اقوام متحدہ کی لیبیا کیلئے بین الاقوامی امداد کی اپیل
واضح رہے کہ لیبیا میں 10 ستمبر کو آنے والے بدترین طوفان کے بعد پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کے باعث ہزاروں افراد جاں بحق اور زخمی جبکہ لاکھوں افراد بے گھر ہوئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سیلاب سے متاثرہ لیبیا کو اقوام متحدہ، یورپ، مشرقی وسطیٰ کے ممالک کی جانب سے امداد پہنچائی جا رہی ہے۔