امریکی سیکرٹری خارجہ نے ایک بار پھر غزہ میں اسرائیلی بربریت کی حمایت کر دی

Published On 04 November,2023 03:15 am

تل ابیب: (دنیا نیوز) امریکا کے سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن ایک مرتبہ پھر غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کی بھرپور حمایت کر دی ہے۔

امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن جمعے کے روز اسرائیل پہنچے اور انہوں نے دارالحکومت تل ابیب میں اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹز اور دیگر اسرائیلی حکام سے ملاقاتیں کیں۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی وزیر خارجہ نے صیہونیوں کو مقبوضہ علاقے کا مالک قرار دے دیا

اسرائیلی وزیر دفاع کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے حوالے سے انٹونی بلنکن نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے مطابق اسرائیل کے حق دفاع کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔

اپنے ٹویٹ میں امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن نے مزید کہا ہے کہ ملاقات کے دوران ہم نے مغربی کنارے میں یرغمالیوں کی رہائی اور امن برقرار رکھنے کیلئے جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

واضح رہے کہ امریکی سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں دوسری بار اسرائیل پہنچے ہیں اور 7 اکتوبر کو حماس کی جانب سے ہونے والے حملے کے بعد اسرائیل کی غزہ میں نہتے فلسطینیوں پر شدید بمباری کی بھرپور حمایت کا اعادہ کر رہے ہیں۔