صرف پتھر دل لوگ ہی غزہ کی تباہی پر خاموش رہ سکتے ہیں: صدر پیوٹن

Published On 04 November,2023 06:50 am

ماسکو: (دنیا نیوز) روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے غزہ پر اسرائیلی بربریت جاری رہنے کی صورت میں نئے محاذ پیدا ہونے کے خدشات کا اظہار کر دیا۔

سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے روس کے صدر نے کہا کہ فلسطین اور غزہ پر ٹوٹ پڑنے والی قوتوں سے متعلق ہمارا موقف واضح ہے، خون میں لت پت بچوں کو دیکھ کر کوئی بھی آنسو نہیں روک سکتا، غزہ میں جاری تباہی پر کوئی پتھر دل ہی خاموش رہ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: روس نے مسئلہ فلسطین اسرائیل کے دو ریاستی حل کا امریکی مطالبہ سازش قرار دیدیا

ولادیمیر پیوٹن نے مزید کہا ہے کہ غزہ میں شہید ہونے والوں میں زیادہ تعداد خواتین اور بچوں کی ہے جبکہ 23 لاکھ باشندے محاصرے کی وجہ سے خوراک، پانی، ایندھن اور ادویات کی قلت سے دوچار ہیں، مصائب اور خون آلود بچوں کو دیکھتے ہیں تو دل بھر آتا ہے۔

روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ اسرائیل چار ہفتوں سے فضائی اور زمینی حملے جاری رکھے ہوئے ہے، جنگ بندی کی بین الاقوامی آوازوں کو بھی تل ابیب نظر انداز کر رہا ہے، غزہ پر اسرائیلی بربریت، جبر کسی نئے محاذ اور المیے کو جنم دے سکتا ہے۔