غزہ: (دنیا نیوز) عارضی جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع کے بعد القسام بریگیڈ نے مزید 11 یرغمالیوں کو رہا کر کے اسرائیلی حکام کے حوالے کر دیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق حماس کے عسکری ونگ القسام بریگیڈ کی جانب سے رہائی پانے والے تمام یرغمالی دوہری شہریت رکھتے ہیں جن میں 3 فرانسیسی، 2 جرمنی اور 6 ارجنٹینا کے شہری شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع پر اتفاق
واضح رہے کہ کئی روز کی بمباری کے بعد 3 روز قبل اسرائیل اور حماس نے 4 روز کی عارضی جنگ بندی کا اعلان کیا تھا، عارضی جنگ بندی کا وقت ختم ہونے کے بعد مزید 2 دن کی توسیع کر دی گئی۔
عارضی جنگ بندی کے بعد چار روز کے دوران حماس نے 39 اسرائیلی شہریوں سمیت 58 یرغمالیوں کو رہا کیا جبکہ اسرائیل کی جانب سے 117 فلسطینی خواتین اور بچوں کو رہا کیا گیا۔
مغربی طاقتوں کی ایما پر اسرائیل نے محصور غزہ پر 44 روز تک حملے جاری رکھے، وحشیانہ بمباری میں 14 ہزار 500 سے زائد فلسطینی شہید ہوئے جن میں بچوں اور عورتوں کی کثیر تعداد شامل ہے۔