حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع پر اتفاق

Published On 27 November,2023 10:20 pm

یروشلم: (دنیا نیوز) قطری وزارت خارجہ کے مطابق ثالثی کے کردار کی وجہ سے حماس اور اسرائیل نے جنگ بندی معاہدے میں 2 روز کی توسیع پر اتفاق کرلیا ہے۔

ترجمان قطری وزارت خارجہ ماجد الانصاری کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی میں مزید دو روزکی توسیع کا معاہدہ طے پاگیا ہے۔

حماس نے ترجمان قطری وزات خارجہ کے بیان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قطر اور مصر کو جنگ بندی میں 2 روز کی توسیع سے آگاہ کر دیا ہے۔

گزشتہ روز حماس نے جنگ بندی معاہدے میں توسیع کا عندیہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ اس کیلئے تیار ہیں، اُدھر امریکی صدر بھی پُرامید تھے کہ دونوں فریقین کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے میں توسیع ہوجائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: غزہ : گیس سلنڈر حاصل کرنیوالے شہریوں کی دو کلومیٹر طویل قطاریں

واضح رہے کہ قطر اور مصر کی کوششوں سے حماس اور اسرائیل نے چار روز جنگ بندی کا معاہدہ طے کیا تھا، جس کا آج آخری روز تھا، معاہدے کے تحت حماس نے یرغمالیوں جبکہ اسرائیلی نے فلسطینی قیدیوں کو جیلوں سے رہا کیا۔

واضح رہے کہ اسرائیل کے حملوں میں 7 اکتوبر سے اب تک ہزاروں بچوں سمیت 15 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حماس اسرائیل تنازع، چینی وزیر خارجہ 29 نومبر کو امریکا جائیں گے

جنگ بندی معاہدے کے تحت گزشتہ روز اسرائیل نے 39 فلسطینیوں جبکہ حماس نے 17 یرغمالیوں کو رہا کیا، جن میں غیر ملکی بھی شامل تھے جبکہ اُس سے قبل حماس نے 24 یرغمالیوں اور اسرائیل نے 39 فلسطینی خواتین و بچوں کو رہا کیا تھا۔