غزہ : گیس سلنڈر حاصل کرنیوالے شہریوں کی دو کلومیٹر طویل قطاریں

Published On 27 November,2023 10:51 am

غزہ : (ویب ڈیسک ) اسرائیل کی طر ف غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل کی اجازت دینےکے بعدایک فلنگ سٹیشن پر گیس سلنڈر حاصل کرنے والے شہریوں کی قطاریں دو کلومیٹر تک طویل ہو گئی ہیں ۔

عرب میڈیا کے مطابق فلسطین میں اقوام متحدہ کے انسانی ہمدردی کے تحت کام کرنے والے ادارے ( یو این او سی ایچ اے ) کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ لوگ کھانا پکانے کے لئے گیس کے سلنڈر دوبارہ بھروانے کے لیے دو کلومیٹر تک طویل قطاروں میں رات بھرسے کھڑے ہیں۔

یہ لائنیں جنوبی غزہ کے خان یونس میں ایک فلنگ سٹیشن کے باہر اس وقت لگیں جب اسرائیل نے 7 اکتوبر کے بعد پہلی بار غزہ میں کھانا پکانے والی گیس سمیت امدادی سامان داخل ہونے کی اجازت دی ۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ لوگوں کی بڑی تعداد کے پاس گیس اور دیگر ضروری اشیاء خریدنے کے لئے بہت کم رقم ہے اور بعض لوگ مبینہ طور پر کھانا پکانے کے لیے دروازے اور کھڑکیوں کے فریم کو جلا رہے ہیں۔

خیال رہے کہ غزہ میں چار روزہ جنگ بندی معاہدے کے تحت امدادی سامان کے ایندھن اور گیس کے چار ٹرکوں سمیت 120 امدادی ٹرک بھی غزہ میں داخل ہوگئے ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ طبی سامان، خوراک اور پانی سے لدے 61 ٹرکوں نے شمالی غزہ میں امداد پہنچا دی گئی جبکہ سعودی عرب کی جانب سے بھی خوراک اور طبی امداد پر مشتمل 11 ٹرکوں کے غزہ میں داخلے کی تصدیق کی گئی ہے۔

شاہ سلمان ریلیف مرکز نے فلسطینی علاقے غزہ میں امداد کے لیے دوسرا بحری جہاز بھی امدادی سامان کے ساتھ روانہ کیا جس میں 890 ٹن طبی سامان، خوراک اور پناہ گاہوں کی امداد کے 58 کنٹینرز لدے ہوئے تھے۔