امریکی وزیر خارجہ کی اسرائیلی صدر سے ملاقات، جنگ بندی کو جاری رکھنے پر زور

Published On 30 November,2023 06:40 pm

تل ابیب: (دنیا نیوز) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے اسرائیل کے دورے کے دوران اسرائیلی صدر سے ملاقات کے دوران غزہ میں جنگ بندی کو جاری رکھنے پر زور دیا۔

امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلینکن نے تل ابیب میں اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ سے ملاقات کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ جنگ بندی کا عمل ثمر آور اور اہم ہے، ہمیں امید ہے کہ یہ جاری رہے گا، غزہ میں چند روز کی جنگ بندی کامیاب ثابت ہوئی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق انٹونی بلینکن نے مزید کہا کہ امریکا اپنے دفاع کے حق میں اسرائیل کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرتا ہے کہ 7 اکتوبر کے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔

بلینکن نے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی قیدیوں کو آزاد کرنے اور غزہ کی پٹی تک انسانی امداد پہنچانے میں کامیاب ثابت ہوئی ہے اور امریکا کو امید ہے کہ یہ جاری رہے گی۔

بلینکن نے ایکس (ٹوئٹر) پر جاری پیغام میں لکھا کہ "مجھے غزہ میں آزاد کیے گئے یرغمالیوں میں ایک اور امریکی کی موجودگی دیکھ کر خوشی ہوئی، لڑائی کا خاتمہ یرغمالیوں کی رہائی اور غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی کو یقینی بنانے میں کامیاب ثابت ہوئے ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ سلسلہ جاری رہے"۔ 

Advertisement