پیرس: (ویب ڈیسک ) فرانس کے دارالحکومت پیرس میں ایک شخص نے جرمن سیاح کو چاقو کے وار سے ہلاک اور دیگر دو افراد کو زخمی کر دیا ہے۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق واقعہ پیرس میں آئفل ٹاور کے قریب گزشتہ رات پیش آیا، پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کر لیا ہے۔
حکام نے کہا ہے کہ یہ بنیاد پرست شخص نفسیاتی مسائل کا شکار ہے اور اس کو پہلے بھی ایک کیس میں سزا ہوئی تھی۔
یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا جب فرانسیسی حکومت نے اسرائیل اور حماس جنگ کے باعث ملک میں حملوں سے متعلق خبردار کیا ہے۔
فرانسیسی وزیراعظم الزیبتھ بورن نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم دہشت گردوں کے سامنے ہار نہیں مانیں گے۔انسداد دہشت گردی پراسیکیوٹرز نے کہا ہے کہ وہ اس واقعے کی تحقیقات کریں گے۔
اس کے ساتھ ساتھ وزیر داخلہ جیرلڈ ڈرمینن نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور کہا کہ اس شخص کو پہلے ہی 2016 میں ایک حملے کی منصوبہ بندی کرنے پر ’چار سال قید‘ کی سزا سنائی گئی تھی۔
یاد رہے کہ فرانس کو شدت پسندوں کے متعدد حملوں کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ نومبر 2015 میں پیرس میں ہونے والے خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعات شامل ہیں جن کی ذمہ داری داعش نے قبول کی تھی ان حملوں میں 130 افراد ہلاک ہوئے تھے۔