دبئی: (ویب ڈیسک ) سال 2023 دنیا کے25 امیر ترین خاندانوں کیلئے شاندار رہا ہے، ابوظہبی کا حکمران خاندان دولت مندی میں دنیا کے تمام خاندانوں سے آگے نکل گیا۔
امریکی نشریاتی ادارے ’بلومبرگ‘ کی رپورٹ کے مطابق دنیا کے 25 امیر ترین خاندانوں میں ابوظہبی کا حکمران خاندان، امریکا کے والٹن خاندان کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کا امیر ترین خاندان بن گیا ہے۔
گزشتہ پانچ سالوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ والمارٹ کے وارثوں کے علاوہ کوئی اور خاندان دنیا کا امیر ترین خاندان بنا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے مطابق پہلی بار ہاؤس آف نہیان بلومبرگ کی خاندانی دولت مندی کی سالانہ درجہ بندی میں شامل ہوا ہے،متحدہ عرب امارات پر مشتمل سات امارات میں سے ایک، ابوظہبی ملک کا دارالحکومت ہے اور جہاں اس کے تیل کے ذخائر کی اکثریت پائی جاتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق ابوظہبی کے حکمران خاندان النہیان 305 ارب ڈالر کی دولت کیساتھ سرفہرست ہے، دوسرے نمبر پر امریکا کا والٹن خاندان جن کی دولت 259 اعشاریہ 7 ارب ڈالر ، تیسرے پر فرانسیسی لگژری فیشن ہاؤس ہرمیس کے مالکان جن کی دولت 150 عشاریہ 9 ارب ڈالر ہے۔
اس کے علاوہ پالتو جانوروں کی پراڈکٹ کے حوالے سے مشہور امریکی خاندان مارس چوتھے نمبر پر جن کی دولت 141 عشاریہ 9 ارب ڈالر اور پانچویں پر قطر کے شاہی خاندان الثانی کے مجموعی اثاثوں کی مالیت لگ بھگ 133ارب ڈالرہے۔
امریکی کوچ انڈسٹریز کے مالکان کوچ 127 عشاریہ 3 ارب ڈالر کے ساتھ چھٹے، سعودی عرب کا شاہی خاندان السعود 112 ارب ڈالر کے ساتھ ساتویں نمبر پر اور آٹھویں پر بھارت کے ریلائنس انڈسریز کے مالکان امبانی خاندان کی دولت 89 عشاریہ 9 ارب ڈالر پر ہے۔
رپورٹ میں نویں نمبر پر فرانس کے لگژری فیشن ہاؤس چینل کے مالکان ورتھیمر خاندان ہیں جن کی دولت 89 عشاریہ 6 ارب ڈالر ہے جبکہ دسویں پر کینیڈا کے میڈیا ہاؤس تھامس رائٹر کے مالکان رائٹر کی دولت71عشاریہ 1ارب ڈالر ہے۔
رپورٹ کے مطابق امیر ترین خاندانوں میں امریکا کے 8، فرانس کے 4، جرمنی کے 3 جبکہ متحدہ عرب امارات، قطر، سعودی عرب، بھارت، کینیڈا، سوئٹزرلینڈ، بیلجیئم، انڈونیشیا، اٹلی اورہانک کانگ کا ایک ایک خاندان شامل ہیں۔