اسرائیل کا بیروت میں ڈرون حملہ، حماس کے سینئر رہنما صالح العاروری سمیت 4 افراد شہید

Published On 02 January,2024 09:49 pm

بیروت: (دنیا نیوز) اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر پر ڈرون حملے میں حماس کے سینئر رہنما صالح العاروری سمیت 4 افراد شہید ہوگئے۔

لبنانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی ڈرون حملہ بیروت میں واقع حماس کے دفتر پر کیا گیا، حملے کے نتیجے میں عمارت کو نقصان پہنچا اور متعدد گاڑیوں میں آگ لگ گئی۔

ابتدائی رپورٹ کے مطابق حملے میں حماس کے سینئر رہنما صالح العاروری سمیت 4 افراد کے شہید ہونے کی اطلاعات ہیں، جس علاقے میں حملہ ہوا ہے وہ حزب اللہ کے زیر اثر ہے اور وہاں حماس سمیت فلسطینی گروپ میں سرگرم ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق صالح العاروری حماس کے سینئر رہنما تھے جن کا شمار طوفان اقصیٰ آپریشن کے منصوبہ سازوں میں ہوتا تھا، صالح العاروری اسرائیل کی ہٹ لسٹ میں پہلے نمبر پر تھے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے غزہ میں حملے تیز کر دیے ہیں، رہائشی علاقوں، پناہ گزین کیمپوں، ہسپتالوں کے اطراف شدید بمباری سےگزشتہ 24 گھنٹوں میں 200 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔