بیروت: (دنیا نیوز) حزب اللہ نے اسرائیلی ڈرون حملے میں ساتھیوں سمیت حماس کے نائب سربراہ کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل کو صالح العاروری کی شہادت کی بھاری قیمت چکانی ہوگی۔
حزب اللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ حماس کے سینئر رہنما صالح العاروری کی شہادت سے اب لبنان، یمن، شام اور عراق میں مغرب کے خلاف ہماری مزاحمت تیز ہوگی، بیروت میں حملہ لبنان کے دل پر حملہ ہے۔
بیروت کے مرکز میں حماس رہنما پر حملے کو لبنان کے عوام، سکیورٹی اور خودمختاری پر حملہ قراردیتے ہوئے حزب اللہ کا کہنا تھا کہ اس حملے کا اسرائیل کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کا بیروت میں ڈرون حملہ، حماس کے سینئر رہنما صالح العاروری سمیت 4 افراد شہید
حزب اللہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ صالح العاروری اور ساتھیوں کا لبنان میں قتل ہونا اسرائیل کی خطرناک جارحیت ہے، اسرائیل کے اس جرم کو ایسے ہی نظرانداز نہیں کیا جائے گا بلکہ اس کا بھرپور بدلہ لیا جائے گا۔
دوسری جانب لبنان کے وزیراعظم نجیب میقاتی کا کہنا تھا کہ اسرائیل غزہ میں ناکامی کے بعد لبنان کو محاذ آرائی کے نئے مرحلے میں لے جانا چاہتا ہے، لبنان اسرائیلی حملوں کے خلاف اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں شکایت کرے گا۔
ایران نے بھی اسرائیل کو خبردار کر دیا ہے کہ حماس رہنما کا قتل اسرائیل کے خلاف مزاحمت مزید بڑھائے گا۔
اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ حماس رہنما کی ہلاکت کے بعد صورتِ حال انتہائی پریشان کُن ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت کے جنوبی علاقے دانیہ میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ کیا جس میں حماس کے سییئر رہنما شہید ہوگئے۔