صالح العاروری کی شہادت نے ہمیں نئی طاقت اور قوت بخشی: سربراہ حماس

Published On 03 January,2024 09:40 am

غزہ: (دنیا نیوز) حماس کے نائب سربراہ کے قتل پر سربراہ حماس اسماعیل ہانیہ نے کہا کہ صالح العاروری کی شہادت اور قربانی نے ہمیں نئی طاقت اور قوت بخشی ہے۔

سربراہ حماس نے صالح کے قتل پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بیروت حملہ اسرائیل کی فلسطین کے خلاف جارحیت اور لبنان کی خود مختاری کے خلاف ہے، فتح اورآزادی تک جہاد جاری رہے گا۔

اسماعیل ہانیہ کا کہنا تھا کہ صالح العاروری بڑا شخص تھا جس نے اپنی دھرتی کا دفاع کیا، تاریخی مزاحمت میں قربانیاں ہی ہمارا اثاثہ ہیں، العاروری کا قتل دہشتگردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:حزب اللہ کا حماس کے نائب سربراہ کی شہادت کا بدلہ لینے کا اعلان

دوسری جانب حماس رہنما کے قتل پر ردعمل دیتے ہوئے ایران کا کہنا ہے کہ حماس رہنما کا قتل اسرائیل کے خلاف مزاحمت مزید بڑھائے گا، لبنان میں اسرائیلی حملہ لبنان کی خودمختاری کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔

ادھر اقوام متحدہ نے بھی لبنان میں حماس رہنما کے قتل پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حماس رہنما کی ہلاکت کے بعد صورتِ حال انتہائی پریشان کُن ہوگئی ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے دفتر پر ڈرون حملہ کیا جس میں حماس کے سینئر رہنما شہید ہوگئے۔