زیلنسکی کی محمد بن سلمان سے ملاقات، روس یوکرین تنازعے پر تبادلہ خیال

Published On 28 February,2024 06:39 am

ریاض: (دنیا نیوز) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اپنے مختصر دورے پر سعودی عرب پہنچے جہاں انہوں نے ولی عہد محمد بن سلمان سمیت دیگر سعودی حکام سے ملاقاتیں کی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی کا ریاض پہنچنے پر کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے رائل ٹرمنل پر نائب گورنر ریاض شہزادہ محمد بن عبدالرحمن ون عبدالعزیز، وزیر مملکت ڈاکٹر مساعد بن محمد العیبان، ریاض کے میئر شہزادہ فیصل بن عبدالعزیز بن عیاف، یوکرین میں سعودی عرب کے سفیر محمد المسہر الجبرین اور دیگر سعودی حکام نے استقبال کیا۔

بعد ازاں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، یوکرین و روس تنازع کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر یوکرینی صدر نے ولی عہد سے تنازعے کو حل کرانے کی درخواست کی۔

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے یوکرینی صدر کو یقین دلایا کہ مملکت کی جانب سے بحران کو حل کرنے اور امن کے حصول کو یقینی بنانے کیلئے عالمی سطح پر کوششیں جاری رکھیں گے جس پر یوکرینی صدر نے بحران کے حل کیلئے سعودی عرب کی کوششوں پر شکریہ ادا کیا۔