غزہ: (دنیا نیوز) اسرائیل کی غزہ پر بمباری سے مزید 43 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ 80 سے زائد زخمی بھی ہوئے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں گھروں، پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا، دیرالبلاح اور جبالیہ میں بمباری سے17 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے، دیر البلاح میں ایک مسجد پر بھی حملہ کیا گیا، متعدد افراد بے گھر ہوگئے۔
میڈیا کے مطابق رفاہ میں اماراتی ہسپتال کے باہر حملے میں 11 افراد شہید، 50 سے زائد زخمی ہوئے، شمالی غزہ پر حملوں میں 10 افراد شہید اور 5 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔
فلسطینی میڈیا کے مطابق بیت حنون میں جڑی بوٹیاں چننے والے افراد پر گولہ باری کی گئی، جس سے 3 افراد شہید ہوئے، غزہ میں خوراک کیلئے جمع افراد پر حملوں میں شہداء کی تعداد 118 ہوگئی۔
7 اکتوبر سے اب تک 30 ہزار 410 افراد شہید اور 71 ہزار 700 زخمی ہوچکے ہیں۔