واشنگٹن: (دنیا نیوز) نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کیخلاف دنیا بھر میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق واشنگٹن میں بارش کے باوجود سیکڑوں افراد فلسطینیوں کے حمایت میں سڑکوں پر آگئے، مظاہرین نے اسرائیل کے خلاف نعرے بازی کی اور جنگ بندی کا مطالبہ کیا، جرمنی کے شہر برلن میں بھی شہریوں نے احتجاج کیا اور فلسطین کو آزاد کراؤ کے نعرے بلند کیے۔
گلاسگو اور لندن میں بھی مظلوم فلسطینیوں کیلئے احتجاج ریلی نکالی گئی، مظاہرین نے اسرائیل کی جانب سے فلسطینی شہریوں کی نسل کشی کی شدید الفاظ میں مذمت کی، آئرلینڈ کے دارالحکومت ڈبلن میں فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا اور سیز فائر کے نعرے لگائے گئے۔
دوسری جانب امریکا نے دعویٰ کیا کہ قطر میں ہونے والے غزہ جنگ بندی مذاکرات میں مثبت پیشرفت ہوئی، اسرائیل جنگ بندی کیلئے تیار ہو گیا اور معاہدے کے اکثر نکات پر اتفاق کر لیا ہے اگر حماس راضی ہو جائے تو غزہ میں 6 ہفتے کی جنگ بندی جلد ممکن ہے۔
سینئر امریکی اہلکار کا کہنا ہے کہ ایسا تب ہی ممکن ہوسکے گا جب حماس معاہدے کی اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی سے متعلق شق پر عمل درآمد کی یقین دہانی کرا دے، امریکا جنگ سے تباہ حال غزہ میں انسانی امداد کی تقسیم ہیلی کاپٹرز کے ذریعے کرنا چاہتا ہے۔