غزہ میں سیز فائر کے بغیر رمضان کی آمد پر دل دکھی ہیں: سعودی فرمانروا

Published On 11 March,2024 05:48 am

ریاض: (دنیا نیوز) سعودی عرب کے شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مسلمانوں کو ماہ رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں سیز فائر کے بغیر ماہ مقدس کی آمد پر ہمارے دل دکھی ہیں۔

رمضان المبارک کے حوالے سے اپنے خصوصی پیغام میں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا کہ ہمارے لیے تکلیف کا باعث کہ رمضان المبارک ایسے وقت میں آیا ہے جب ہمارے فلسطینی بھائی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں، بین الاقوامی برادری فلسطین میں وحشیانہ جرائم کو روکنے، محفوظ انسانی اور امدادی راہداریاں کھولنےکی ذمہ داری پوری کرے۔

شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے بیان میں مزید کہا ہے کہ ماہ مبارک کی آمد پر مملکت کے شہریوں، سرحدوں کی حفاظت پر مامور اہلکاروں اور تمام مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں جس نے اس ملک کو اسلام کا سرچشمہ بنایا جہاں سے اسلام کا پیغام پوری دنیا میں پھیلا اور ہمیں حرمین شریفین اور ان کے زائرین کی خدمت کا موقع دیا۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے کہا ہے کہ حرمین شریفین کی دیکھ بھال، زائرین کی خدمت، حرمین شریفین کی تعمیر وتوسیع مملکت کی قیادت اور عوام کیلئے باعث فخر و اعزاز ہے، میری دعا ہے کہ یہ مبارک مہینہ عالم اسلام اور تمام دنیا کیلئے امن و سلامتی کا باعث بنے اور مملکت کا امن اور خوشحالی قائم رہے، روزہ داروں کے روزے بھی قبول ہوں۔

 

Advertisement