اسرائیل سے انتقام لینے کے حق سے دستبردارنہیں ہوں گے: ایران

Published On 03 August,2024 06:49 am

تہران: (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران کے نگران وزیر خارجہ علی باقری نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ٹیلیفون پر رابطے میں واضح کر دیا کہ اسرائیل سے انتقام لینے کے حق سے ایران کسی صورت دستبردار نہیں ہو گا۔

نگران ایرانی وزیر خارجہ علی باقری نے کہا ہے کہ حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ کو شہید کر کے ایران کی قومی سلامتی پر حملہ کیا گیا اورعلاقائی استحکام کی خلاف ورزی بھی کی گئی ہے۔

انہوں  نے مزید کہا کہ اسرائیل نے علاقائی اور عالمی امن و استحکام کو خطرے سے دو چار کیا ہے، اس صورت میں ایران اپنے حق دفاع سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹے گا اور مجرم صیہونیوں کو متناسب سزا دی جائے گی۔

ایرانی وزیر خارجہ علی باقری نے زور دیا کہ امن و استحکام کیلئے عالمی برادری اسرائیل کیخلاف کھڑی ہو اورغزہ میں جرائم روکنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ ڈالے۔