ابوظہبی : (ویب ڈیسک ) متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی کے حکام نےغیرقانونی تارکین وطن کی سہولت کے لیے پاسپورٹ کی مدت میں مزید رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق دبئی میں مقیم غیرملکی کارکن جن کے اقامے اور ورک پرمٹ تجدید نہیں کرائے گئے انہیں یہ سہولت فراہم کی گئی ہے کہ وہ اگر ریاست میں مزید رہنے کے خواہشمند ہیں تو اپنے قیام کو قانونی بنا لیں،مہلت کے دوران کسی قسم کا جرمانہ اور اضافی فیس وصول نہیں کی جائے گی۔
رعایت کا اعلان ان غیرملکیوں کے لیے بھی کیا گیا ہے جو مستقل طورپر اپنے وطن جانے کے خواہشمند ہیں، ایسے تارکین قانونی طورپر فائنل ایگزٹ ویزا حاصل کرسکتے ہیں جس کے بعد وہ اپنے وطن کا سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ جو افراد سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فائنل ایگزٹ ویزے پر جائیں گے انہیں بلیک لسٹ کی گیٹگری میں شامل نہیں کیاجائے گا اوروہ جب چاہیں دوسرے ویزے پر امارات آسکتے ہیں۔
اماراتی امیگریشن کے ڈائریکٹر جنرل سہیل سعید الخیلی کا کہنا ہے کہ غیرقانونی تارکین وطن کے لیے جو رعایتی مہم شروع کی گئی ہے اس کا مقصد ان کے قیام کو قانونی شکل دینا ہے، ایسے غیرملکی جن کے پاسپورٹ کی ایکسپائری کم تھی ان کےلیے خصوصی طورپر ایکسپائری کی حد 6 ماہ سے کم کرکے ایک ماہ کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ امارتی حکام نے یکم ستمبر سے 31 اکتوبر تک ایسے تارکین کو جن کے اقامے زائد المیعاد تھے یا کسی وجہ سے ان کا ورک پرمٹ نہیں بنایا گیا تھا انہیں مہلت دی ہے تاکہ وہ اپنے قیام کی دستاویزات کو قانونی شکل دے کر ملازمتیں حاصل کرسکیں۔