بیجنگ: (ویب ڈیسک) چین اور روس نے دنیا میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دینے کا عزم کا اظہار کیا۔
چین کے صدر شی جن پھنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ کو گرم جوشی سے منانے کے لیے مبارکباد کے پیغامات کا تبادلہ کیا۔
چینی صدر نے کہا کہ 75 سال قبل سفارتی تعلقات کے قیام کے بعد سے دونوں فریقوں نے چین اور روس کے درمیان مستقل اچھے پڑوسی دوستی، جامع تزویراتی ہم آہنگی اور باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو فروغ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فریقین کے درمیان تعلقات قریب سے قریب تر ہو رہے ہیں بالخصوص نئے دور میں دونوں فریقوں کے درمیان سیاسی باہمی اعتماد مسلسل گہرا ہوتا جا رہا ہے اور عملی تعاون نے شاندار نتائج حاصل کئے ہیں۔
شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ وہ چین اور روس کے تعلقات کی ترقی کو بہت اہمیت دیتے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر فریقین کے درمیان ہمہ جہتی عملی تعاون کو مسلسل وسعت دینے کے خواہاں ہیں تاکہ عالمی امن اور استحکام کو برقرار رکھنے اور بنی نوع انسان کیلئے معاشرے کی تعمیر کو فروغ دینے کے لئے نئی شراکتیں تشکیل پا سکیں۔
پوٹن نے کہا کہ روس اور چین کے درمیان قریبی اور باہمی فائدہ مند تعلقات نے کامیابی سے وقت کی آزمائش کا مقابلہ کیا ہے، اس وقت روس اور چین کے تعلقات تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، فریقین دونوں صدور کے مابین طے پانے والے اتفاق رائے کے سلسلے کو مکمل طور پر نافذ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نئے دور میں روس اور چین کی جامع سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کریں گے اور دنیا میں سلامتی اور استحکام کو فروغ دیں گے۔